کراچی: ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

Published On 29 December,2025 07:12 pm

کراچی :(دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک اور کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام  کے مطابق گورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر 6 جی میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث ایک اور بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔

 حکام کا کہنا تھا کہ بچے کی شناخت دلبر علی کے نام سے ہوئی جو گھر کے قریب کھیلتے ہوئے پاؤں  سلپ ہونے سے  کھلے مین ہول میں گرا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کے وقت علاقہ مکینوں نے بروقت اقدامات کر کے بچے کو باہر نکالا تاہم وہ زندہ نہ بچ سکا، جس کے بعد ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا۔

دلبر میرا اکیلا بیٹا تھا: والد

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرنے والے بچے کے والد کا کہنا تھا کہ دلبر علی میرا اکلوتا بیٹا تھا، ایک مہینہ قبل گٹر کی صفائی کے لئے ڈھکن ہٹائے گئے تھے، صفائی تو ہوگئی لیکن ڈھکن کسی نے نہیں لگایا، اگلے مہینے میں نے بچے کا سکول میں داخلہ کروانا تھا ، مجھے کیا معلوم تھا کہ میرا بیٹا ہی چلا جائے گا۔

یہاں سیاست نہیں تعزیت کرنے آیا ہوں: ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد

علاوہ ازیں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد بھی متاثرہ فیملی کے گھر گئے اپنی گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ میں یہاں سیاست کرنے نہیں تعزیت کے لیے آیا ہوں ، ٹائون چیئرمین کو ساتھ لانے کے لیے فون کیا مگر وہ حیدرآباد میں تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ یو سی چیئرمین کو دس دن پہلے ہی واٹر کارپوریشن نے گٹر کے 10 ڈھکن دیے تھے، سرکاری اہلکار ذمے دار ہو یا منتخب نمائندے، سخت سزا دی جائے گی، یہ ٹائون پیپلز پارٹی کا نہیں ہے مگر جاں بحق بچہ ہمارا بیٹا ہے۔

ڈپٹی میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہم لاشوں پر سیاست نہیں کرینگے، ذمے دار کو سزا دیں گے، ٹائون چیئرمین اور یو سی چیئرمین کا تعلق پیپلز پارٹی سے نہیں ہے، نیپا واقعے پر جس طرح ایکشن لیا گیا اس واقعے میں بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔