لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ لاہور پر سپیکر کے پی اسمبلی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا۔
خط کے ذریعے خیبر پختونخوا اسمبلی کے وفد کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں بدسلوکی پر سپیکر نے احتجاج ریکارڈ کرایا، اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی اور کابینہ اراکین کو پنجاب اسمبلی کے داخلی راستوں پر بار بار روکا گیا، پنجاب اسمبلی میں وفد کے ساتھ دھکم پیل کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو زمین پر گرایا، جسمانی طور پر روکا اور ہراساں کیا گیا، وزیراعلیٰ کے پی کو پیدل داخلے سے روک کر گاڑی میں واپس بھیج دیا گیا، وفد کی تذلیل سے بین الصوبائی تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔
خط کے متن میں مزید لکھا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والا واقعہ پارلیمانی آداب اور وفاقی روایات کے منافی تھا، سپیکر کے پی اسمبلی نے صحافیوں کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی واقعہ نے عوامی سطح پر دونوں صوبوں کے تعلقات کی منفی تصویر پیش کی،سپیکر پنجاب اسمبلی سے اِس ذمہ داری اور اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔



