کوہستان کرپشن سکینڈل کی بنیادی وجہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی انتظامی کمزوری قرار

Published On 02 January,2026 09:47 am

پشاور: (ذیشان کاکا خیل)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قائم انکوائری کمیٹی نے کوہستان میگا کرپشن سکینڈل کی بنیادی وجہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں شدید انتظامی کمزوری قرار دے دی۔

دنیا نیوز نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ حاصل کرلی، خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قائم کوہستان میگا کرپشن سیکنڈل کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ 3 صفحات پر مشتمل ہے، حکومت نے 4 ممبران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

حکومتی انکوائری کمیٹی نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کا پول کھول دیا، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی شدید کمزور انتظامی نظام کے باعث کوہستان میگا کرپشن سیکنڈل پیش آیا، محکمے کے اندر کوئی معیاری تقرری و تبادلوں کی پالیسی موجود نہیں۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں بڑے پیمانے پر اضافی چارج دئیے جانے اور سٹاپ گیپ اریجمنٹ کا انکشاف ہوا ہے، محکمے میں اکثر اوقات سینئر کی جگہ جونیئرز افسران کی تعیناتی کی جاتی ہے، غیر منظور شدہ چیک بک جاری کی گئی جس کا ریکارڈ محکمہ کے پاس موجود ہی نہیں۔

یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیپارٹمنٹل انکوائری کے بغیر ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کی گئیں، ایکسین کوہستان گزشتہ 5 برسوں کی آڈٹ رپورٹ بھی کمیٹی کو جمع نہ کرسکے، کچھ چیکس کی فرانزک کرانے کے لیے لاہور لیب بھیج دیئے گئے۔