پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا حکومت نے سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پولیس کو جاری فنڈز اور ان کے استعمال کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت یہ جانچ کرے گی کہ اب تک جاری کیے گئے فنڈز سے پولیس کتنی فعال ہوئی اور سروس ڈیلیوری میں کس حد تک بہتری آئی۔
اس مقصد کے لیے 8 ارکان پر مشتمل کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں وزیر بلدیات، وزیر تعلیم، مشیر خزانہ، آئی جی پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام شامل ہیں، کمیٹی کے ٹی او آرز بھی واضح کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی اس بات کی چھان بین کرے گی کہ پولیس کو اب تک کتنے فنڈز جاری کیے گئے اور ان فنڈز کے نتیجے میں پولیس کے نظام، کارکردگی اور عوامی خدمات میں کیا بہتری آئی۔
کمیٹی مستقبل میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق سفارشات بھی تیار کرے گی، اس سلسلے میں کمیٹی متعلقہ محکموں اور اعلیٰ حکام سے رابطے کر کے اپنی حتمی رپورٹ مرتب کرے گی جس کی روشنی میں آئندہ فیصلے کیے جائیں گے۔



