پشاور:(دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوامیں تجارت اورسیاحت کا فروغ امن سے مشروط ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کےوسیع مواقع موجود ہیں، خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سےمالا مال ہے، ملکی ترقی اورخوشحالی کےلیےملکرآگےبڑھنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کوسازگارماحول فراہم کرنےکےلیےپرعزم ہے، صوبےمیں امن ہوگا توتجارت اورسیاحت میں اضافہ ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سیاحت کےفروغ کےلیےاقدامات کرنےکی ضرورت ہے،پاکستان نے ہر محاذ پربھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پنجاب کا دورہ آفیشل نہیں تھا،پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا،سہیل آفریدی کو ایسی میڈیا ٹاکس سے گریز کرنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس روزانہ آپریشنز کر رہی ہیں، صوبے کے بعض علاقوں میں دہشتگردی موجود ہے،ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، جرائم میں زیادہ تر افغان شہری ملوث پائے جاتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افغان شہری اپنے وطن واپس جائیں، صوبے میں دہشتگردی کے پیچھے کون ہے؟ سب کو پتہ ہے بھارت اور اسرائیل کی ایما پر افغانستان کر رہا ہے اور سرحد پار سے دہشتگردی ہو رہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ افغانستان کو ہر فورم پر آگاہ کیا کہ اس کی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے، کیا ایسے افراد کو پناہ دینی چاہیے جو دہشتگردی میں ملوث ہوں؟ بغیر ویزہ کسی ملک میں قیام کی اجازت نہیں ہوتی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت آپریشنز کو سپورٹ کر رہی ہے تو یہ اچھی بات ہے، کے پی حکومت ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کرے۔



