لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام پاکستان سمیت دنیا بھر میں منفرد پہچان حاصل کرچکا ہے،اور اس کے مثبت اثرات دیگر صوبوں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کی صفائی سے باقی صوبے بھی متاثر ہورہے ہیں، پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب پروگرام سے سندھ حکومت بھی مستفید ہونا چاہتی ہے جبکہ پنجاب حکومت نے کوڑے کو زیر استعمال لاکر بائیو گیس پر پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت بھی ستھرا پنجاب ماڈل سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہشمند ہے، خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ماڈل کی تفصیلات مانگی ہیں جبکہ پنجاب حکومت برطانیہ کے شہر برمنگم کو بھی ستھرا پنجاب پروگرام میں رہنمائی فراہم کرچکا ہے، پنجاب حکومت کا تجاوزات کے خلاف آپریشن،ماڈل ویلج پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پلان بھی کامیاب پروگرام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اس حوالے سے اپنا موقف پہلے ہی کلیئر کر چکی ہیں، مریم نواز کا واضح پیغام ہے اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی بھی اچھے منصوبے کی فیزیبلٹی چاہیے تو پنجاب حاضر ہے، پنجاب بڑا بھائی ہونے کے ناطے باقی صوبوں کی عوامی فلاح کے منصوبوں پر ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔
مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے لوگ پنجاب کی طرح بہترین سہولیات سے مستفید ہوں، ستھرا پنجاب کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے، ہم چاہتے ہیں جیسے پنجاب صاف ستھرا ہے ویسے باقی صوبے بھی صاف ستھرے ہونے چاہیے، سیاسی تلخیاں،الزام برائے الزام اور گالی گلوچ کی سیاست کی بجائے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے۔



