لاہور: (دنیا نیوز) کیپٹن اصمد گلفام شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر لاہور میں سپردِ خاک کردیا گیا ہے۔
برزل ٹاپ پر ریسکیو آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن اصمد گلفام شہید کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی گئی، جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور، آئی جی پنجاب پولیس، سینئر عسکری و سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
کیپٹن اصمد گلفام اُن افسروں میں شامل تھے جو وردی کو صرف نوکری نہیں بلکہ امانت اور ذمہ داری سمجھتے تھے۔
3 جنوری کی صبح دو بجے، شدید سردی اور جان لیوا موسم کے باوجود کیپٹن اصمد گلفام اپنے ساتھیوں کے ہمراہ برف میں پھنسی سنو وہیکل کو ریسکیو کرنے میں مصروف تھے، اچانک برفانی سلائیڈ کے باعث کیپٹن عصمد گلفام اور ان کے دو ساتھی شہید ہو گئے۔
کیپٹن اصمد گلفام نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر یہ پیغام دیا کہ اس قوم کے محافظ ہر محاذ پر دفاعِ وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔



