خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے گلبرگ کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی کے معاملے کے بعد ایل ڈی اے اور دیگر اداروں نے ابتدائی تحقیقات مکمل کر لیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق نجی ہوٹل کے فلور بی ون میں ایچ وی اے سی سسٹم لگا ہوا تھا جبکہ ہوٹل انتظامیہ کی طرف سے مبینہ طور پر سلنڈر لگایا ہوا تھا۔
تحقیقات میں مزید بتایا گیا کہ سلنڈر سے گیس لیکج کے باعث بوائلر سے آگ بھڑکی، حادثے میں جاں بحق ہونے والا شہریار بھی بوائلر آپریٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔
سول ڈیفنس کی جانب سے دس ماہ قبل ہوٹل کو نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں بلڈنگ میں ایمرجنسی راستے بہتر نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی اس کے علاوہ بلڈنگ میں آٹومیٹک فائر الارم سسٹم مکمل فعال نہ ہونے کا عندیہ بھی دیا گیا تھا۔
نوٹس کے متن میں بتایا گیا ضرورت کے مطابق آگ بجھانے کے آلات موقع پر نہ پائے گئے جبکہ آگ بجھانے والے آلات کی ری فلنگ بھی نہیں کی گئی تھی۔
متن مین مزید لکھا گیا کہ آگ لگنے کے حوالے سے کوئی آگاہی بورڈ بھی آویزاں نہیں کیے گئے تھے جبکہ نوٹس میں سول ڈیفنس کے فائر سیفٹی ایس او پیز مکمل نہ کرنے کا انکشاف کیا گیا تھا۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق ہوٹل، ایل ڈی اے کنٹرول ایریا میں ہے، اس کی انسپکشن کی گئی جبکہ ریسکیو بلڈنگ سیفٹی گریڈنگ کے مطابق نجی ہوٹل اے کیٹگری میں شامل ہے، فائر سیفٹی کے تمام ایس او پیز مکمل کرنے والی بلڈنگ کو اے کیٹگری میں رکھا جاتا ہے۔