خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ جاوید عالم نے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر خالد مقبول کی سکیورٹی واپس لینے پر لاعلمی کا اظہار کر دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات سے اسلام آباد میں ہوں، واپس جا کر دیکھوں گا، دونوں وزراء کو تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی کی سفارش پر سکیورٹی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں سے درخواست ہے کہ کسی کے جھانسے میں نہ آئیں، لوگوں کو کچے اور کشمیر سے مرد حضرات لڑکیوں کی آواز میں کال کر کے پھنساتے ہیں، مرد ڈاکوؤں کی جانب سے سستے داموں گاڑیاں اور ٹریکٹر خرید کر دینے کا جھانسہ دیا جاتا ہے، جب سے عہدہ سنبھالا تب سے ان عناصر کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، مکمل صفایا کیا جائے گا، کچے کے ڈاکوؤں پر حکومتی پالیسی ہے، وہ سرنڈر کریں تو قانون کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو آہنی ہاتھوں سے ان کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ شکیل اور طاہر تاوان دے کر وہاں سے واپس آئے، ہم نے اس کیس میں ملوث سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی ہے، کانسٹیبل کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔