کراچی: سپرہائی وے پر آئل ٹینکر اور بس میں خوفناک تصادم، 12 افراد جاں بحق

کراچی: سپرہائی وے پر آئل ٹینکر اور بس میں خوفناک تصادم، 12 افراد جاں بحق

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں تین خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جس کے باعث واقعہ نے انتہائی افسوسناک صورت اختیار کر لی، حادثہ تیز رفتاری اور گاڑیوں کے بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کے علاوہ دیگر گاڑیاں بھی آپس میں ٹکرا گئیں۔

حادثے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ کرینوں کی مدد سے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹایا جا رہا ہے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی نے جائے حادثہ اور اطراف کے علاقے کو فوری طور پر محفوظ بنانے، ٹریفک کی روانی بحال کرنے اور واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرنے کا حکم دیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تصادم کے باعث آئل ٹینکر کو بھی نقصان پہنچا تاہم کسی بڑے آتشزدگی کے واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے اور اگر غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔