خلاصہ
- تربت: (دنیا نیوز) تربت میں بلوچ خاندان کے گھر پر دہشت گردوں کا حملہ بچوں اور خواتین سمیت 6 بے گناہ افراد بیدردی سے قتل کر دیئے گئے، 3 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق تربت کی تحصیل بلیدہ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد میں کمسن بچہ بھی شامل ہے۔
دہشت گردوں نے گھر کو مکینوں سمیت آگ لگا دی، گھر پر پہلے مارٹر گولہ پھینکا گیا پھر دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ کوئی ’’جدوجہد‘‘ نہیں، یہ کھلی درندگی ہے، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا کسی نظریے کی نہیں بزدلی اور شکست خوردہ ذہنیت کی علامت ہے، نہتے شہریوں کو زندہ جلانا ہی فتنہ الہندوستان کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر بلوچ شناخت کے نہیں بلکہ بلوچ دشمنی کے علمبردار ہیں، اپنی سرزمین کے بیٹیوں اور بیٹیوں کو آگ میں جھونکنے والے کسی کاز کے نمائندے نہیں ہو سکتے، بلوچ قوم اب سوچنے پر مجبور ہوگئی کہ یہ وقت خاموشی کا نہیں، سچ بولنے کا ہے، وقت آ گیا ہے انسانیت کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔