خلاصہ
- حسن ابدال: (دنیا نیوز) سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کے سلسلے میں گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں مذہبی رسومات، عبادات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ یاتریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ اور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام سکھ یاتریوں نے گردوارہ پنجہ صاحب میں ماتھا ٹیک کر خصوصی دعائیں اور مذہبی رسومات ادا کیں، یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر اور دیگر سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کی ہدایات پر یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے، شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے منرل واٹر، طبی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں۔
گردوارہ پنجہ صاحب میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
سکھ یاتریوں نے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کیمپس، ایمبولینس سروس اور فوری طبی امداد کی سہولیات کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گوردواروں کی دیکھ بھال، مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی مقامات پہلے سے زیادہ خوبصورت، محفوظ اور پرامن ہیں اور انہیں بہترین مہمان نوازی کا تجربہ حاصل ہوا ہے۔
شیڈول کے مطابق سکھ یاتری 14 جون کو گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے روانہ ہو کر گردوارہ دربار صاحب کرتارپور پہنچیں گے، جہاں ایک روز قیام کے دوران مذہبی عبادات اور رسومات ادا کریں گے۔
بعد ازاں 15 جون کو یاتری گردوارہ روہڑی صاحب کی یاترا کرتے ہوئے لاہور پہنچیں گے جبکہ گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب 16 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہوگی۔
دس روزہ مذہبی یاترا مکمل کرنے کے بعد بھارتی سکھ یاتری 19 جون کو اپنے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔