خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک پاکستان مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے، جبکہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھارت سے روابط کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اپنے ویڈیو بیان میں عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ایسی پوسٹس اور مواد پھیلایا جاتا رہا جن کا مقصد عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانا اور ملک میں بداعتمادی کی فضا پیدا کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ شرپسند عناصر کو اپنے طرزِ عمل پر پوری قوم کو جواب دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنما واقعی کشمیر کے مفادات سے مخلص ہیں تو انہیں جمہوری عمل کا حصہ بنتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینا چاہیے، کیونکہ اسلحے اور ڈنڈوں کے زور پر چلائی جانے والی کسی بھی تحریک کا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی آڑ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کا حصہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شخص کو بھارت سے مواد فراہم کیا جا رہا تھا جس کا زیادہ تر تعلق کالعدم ایکشن کمیٹی سے متعلق سوشل میڈیا مہم اور مخصوص بیانیے کو فروغ دینے سے تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے خلاف غلط معلومات اور گمراہ کن مہم چلانے والے نیٹ ورک کی کڑیاں بھارت سے ملتی ہیں اور اس پروپیگنڈا کا مقصد ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے اور بداعتمادی پیدا کرنا تھا۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں اور حقائق مکمل طور پر سامنے آنے کے بعد ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔