آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی ہوئی، عوامی مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے: بلاول بھٹو

آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی ہوئی، عوامی مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے: بلاول بھٹو

مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات عائد کرتے ہوئے پولنگ کے روز پیش آنے والے واقعات کی آزادانہ اور عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

 انہوں نے میرپور کے عوام کا پارٹی پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متعدد حلقوں میں پیپلز پارٹی کو عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل ہوئی، اب پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کرے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا  کہ آزاد کشمیر انتخابات کے ابتدائی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں، تاہم بعض حلقوں کے نتائج عوامی توقعات سے مطابقت نہیں رکھتے۔

بلاول بھٹو نے سوال اٹھایا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری محمد یاسین اپنے آبائی گاؤں میں بھرپور عوامی حمایت کے باوجود کیسے شکست کھا سکتے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولنگ کے روز تقریباً 30 پولنگ سٹیشنز پر حملوں اور بدامنی کے واقعات رپورٹ ہوئے، جو سخت سکیورٹی انتظامات کے باوجود انتخابی عمل پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔

ان کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتخابات کو مرحلہ وار کرانے سے مبینہ طور پر نتائج پر اثر انداز ہونے کے مواقع پیدا ہوئے، جبکہ انٹرنیٹ بندش جیسے اقدامات نے بھی آزاد کشمیر میں جمہوری عمل کے بارے میں منفی تاثر پیدا کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قومی اداروں کو کسی سیاسی جماعت کے بجائے پاکستان کے قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے، انہوں نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کے سیاسی مسائل کا حل آئینی، جمہوری اور پرامن طریقے سے نکالا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ پولنگ کے دوران پیش آنے والے مبینہ واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد انکوائری کمیشن قائم کیا جائے تاکہ حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پرامن اور آئینی سیاست پر یقین رکھتی ہے، تاہم پارٹی کارکنوں یا پولنگ سٹیشنز پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی  نے اعلان کیا کہ 2 اگست کو مظفرآباد میں ہونے والے انتخابات میں عوام کے ووٹ پر اثر انداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور پیپلز پارٹی اپنے انتخابی مینڈیٹ کا بھرپور دفاع کرے گی۔