خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ کر لیا، اس مقصد کے لیے 100 سے زائد کمپنیوں کے ساتھ رابطے کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ کے ذریعے نوجوانوں کی مہارتوں اور مارکیٹ کی ضروریات میں ہم آہنگی پیدا کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اب تک 51 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق پلیٹ فارم پر ایک لاکھ 36 ہزار 547 امیدوار رجسٹرڈ ہیں جبکہ 721 کمپنیاں موجود ہیں۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 31 ہزار 270 ملازمتوں کے مواقع پوسٹ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 24 ہزار 766 ملازمتیں فعال ہیں، امیدواروں کی جانب سے 4 لاکھ 73 ہزار 339 درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں اور آجر اداروں کے درمیان رابطے کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، سندھ حکومت روزگار کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق آئی ورک فار سندھ پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک ہزار 800 سے زائد مختصر تربیتی کورسز تک رسائی فراہم کی گئی ہے، اب تک 4 ہزار 620 امیدوار اپنے کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 5 ہزار 789 امیدوار مختلف کورسز میں زیرِ تربیت ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر سرکاری اور نجی شعبے کی ملازمتوں کو خودکار طریقے سے شامل کرنے کا نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے، منصوبے کی ابتدائی تیاری اور عمل درآمد کے لیے آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ کی مدت کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر نئی ملازمتوں کے الرٹس کی سہولت متعارف کرانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔