فضل الرحمان سیاسی مقاصد کیلئے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں: حنیف عباسی

فضل الرحمان سیاسی مقاصد کیلئے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں: حنیف عباسی

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ اپنے سیاسی مقاصد کیلئے کسی ادارے کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، مولانا دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں نے مولانا پر ڈیزل پرمٹ کے الزامات لگائے، مجھے نہیں پتا شاید مولانا سے کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے گورنر راج لگایا گیا، صوبے میں کرپشن اور غیر قانونی ٹھیکوں کی مد میں اربوں روپے جیبوں میں ڈالے گئے، خیبرپختونخوا میں انتشار اور فساد کی سیاست کا خاتمہ کیا گیا۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شہدا پیسوں کیلئے نہیں بلکہ دفاع وطن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، شہدا کی قربانیاں ہمارے وطن عزیز کی سلامتی اور بقا کی ضامن ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو یاد رکھنا چاہیے کہ دہشت گردوں نے ان پر بھی حملے کیے، خیبرپختونخوا میں کسی شہید جوان کے جنازے پر مولانا بھی نہیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، پولیس سمیت تمام ادارے قربانیاں دے رہے ہیں، مولانا کے حالیہ بیانات قوم اور شہدا کے اہلخانہ کیلئے اذیت کا باعث بنے، شہدا کے لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ مولانا بتائیں کس ملک سے معدنیات کا معاہدہ ہوا ہے؟ خیبرپختونخوا میں معدنیات کے ٹھیکوں سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاد کیلئے ملکی مفاد کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے اور کسی کو ریڈ لائن کراس نہیں کرنے دیں گے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی بدولت عالمی سطح پر ملکی مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔