خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو سیاسی موقف رکھنے کا حق ہے، معدنیات کے معاملے پر بات قبل از وقت ہے۔
پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنا سیاسی موقف رکھنے کا پورا حق حاصل ہے، تاہم مولانا سے ان کا نقطۂ نظر مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کو اتنا سنجیدہ نہیں لینا چاہیے اور ان کی بات کو بلاوجہ فسانہ بنا دیا گیا ہے، مولانا دکھی نہیں ہیں۔
معدنیات کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی بہت سی چیزیں قبل از وقت ہیں اور تاحال میپنگ بھی نہیں ہوئی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے پاس معدنیات نکالنے کے لیے وسائل ہی موجود نہیں ہیں، اگر معدنیات نکلتی ہیں تو اس معاملے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں، دونوں کا کردار ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب کسی بین الاقوامی کمپنی کو معدنیات نکالنے کا ٹھیکہ دیا جائے گا تو اس کے بعد تنقید کا حق ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس اپنے موقف کے حق میں کوئی مواد ہوگا جس کی بنیاد پر وہ یہ مؤقف اختیار کر رہے ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں گورنر اور ایڈوائزری کونسل بھی موجود ہے۔