علاقائی
خلاصہ
- لاہور میں میٹرو بس سروس بد انتظامی کا شکار ہو گئی ہے جس کے باعث لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں۔ بس اسٹیشنز کی چھتیں پہلی بارش کا بوجھ بھی برداشت نہیں کر سکیں اور جگہ جگہ سے ٹپکنے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
میٹرو بس کے اسٹیشن پر بہتر انتظام نہ ہونے کے باعث شہریوں کے جھگڑے معمول بن گئے ہیں۔ بسوں کی تعداد کم ہونے کے باعث دستیاب بسوں میں سفر کی خواہش شہریوں کے لئے مصیبت بن گئی ہے۔ میٹرو بس سروس شروع ہونے کے بعد پہلی بارش نے ہی ڈھول کا پول کھو ل دیا ہے۔ کہیں چھتیں موجود نہیں ہیں اور جہاں موجود ہیں، وہاں بھی بارش کا دباؤ برداشت نہ کرنے کے باعث ٹپکنے لگی ہیں۔ جگہ جگہ سے پانی گرنے لگا ہے۔ کہیں ننگے تار خطرے کا نشان بن گئے ہیں تو کہیں لائٹس کے اندر سے بھی پانی ٹپکنے لگا ہے۔ اوور ہیڈ پلوں اور زینوں پر بھی جگہ جگہ پانی کھڑا ہے جس کو وائپرز کی مدد سے نکالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بس سروس کے لئے بنائے گئے فلائی اوورز میں سے بھی جگہ جگہ پانی ٹپک رہا ہے جس کے باعث حادثے کا بھی خدشہ ہے۔ بعض مقامات پر تعمیراتی کام مکمل نہیں ہوا ہے اور کھدائی کے باعث بھی شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔