خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے سال کی بڑی ڈکیتی کا سراغ لگاتے ہوئے لوٹی گئی رقم میں سے 20 کروڑ روپے برآمد کر لیے جبکہ بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے سرغنہ محمد علی عرف علی لنگڑا کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 12 جون کو جوہر آباد میں نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے 30 کروڑ روپے لوٹے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ کی ہدایت پر ایس ایس پی سینٹرل کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے پیشہ ورانہ تحقیقات کے ذریعے واردات کا سراغ لگایا۔
حکام نے بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی گئی ہے جبکہ کیش وین کا چیف کریو واجد بھی واردات میں ملوث پایا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد علی عرف علی لنگڑا نے واردات کی منصوبہ بندی کی اور اس کے دو گھروں سے لوٹی گئی رقم برآمد کی گئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث گروہ درجن سے زائد ارکان پر مشتمل ہے اور یہ گروہ کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور ملتان میں بھی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا آبائی تعلق سوات سے ہے اور وہ عرصہ دراز سے کراچی میں مقیم تھا جبکہ ماضی میں بھی بینک ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں گرفتار ہو چکا ہے۔
حکام نے بتایا کہ دیگر ملزمان کا تعلق پاراچنار اور ضلع کرم سے ہے جبکہ باقی رقم اور فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف کراچی، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں مقدمات درج ہیں جبکہ مزید ملزمان اور سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔