جاپانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسے پلیئر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، جہانگیر خان کو جلد دورہ کی دعوت دی جائیگی۔
ٹوکیو: (سپورٹس ڈیسک، دنیا نیوز) جاپان نے سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کی کھیل کے شعبے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ جہانگیر خان دنیا کے واحد پلیئر ہیں جنہوں نے 555 میچوں میں لگاتار کامیابی حاصل کی، جو آج تک ورلڈ ریکارڈ ہے۔
جاپانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یادگاری ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ جہانگیر خان کو عنقریب دورہ جاپان کی دعوت بھی دی جائیگی جہاں ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔
پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی جہانگیر خان 1981ء اور 1986ء کے درمیان تقریبا ساڑھے پانچ سال تک ناقابل تسخیر رہے۔ ایک مرتبہ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر میرے سارے میچوں کا حساب لگائیں تو یہ تعداد کہیں زیادہ ہو گی کیونکہ میں نے بہت سے نمائشی اور انویٹیشنل میچوں میں بھی شرکت کی اور ان میں بھی کامیاب رہتا تھا۔ جہانگیر خان نے کہا تھا کہ 555 صرف میرے ٹورنامنٹ کے میچوں کی تعداد ہو گی لیکن اگر آپ سارے میچز کو لیں تو یہ تعداد چھ سات سو کے درمیان ہو گی کیونکہ میں اس وقت ہارتا نہیں تھا۔
خیال رہے کہ جہانگیر خان کی لگاتار جیت کے سلسلے کو نیوزی لینڈ کے کھلاڑی راس نارمن نے 1986ء میں توڑا تھا جبکہ وہ 1993 میں ریٹائر ہو گئے تھے۔ جہانگیر خان نے 1982 سے 1991 کے درمیان چھ مرتبہ ورلڈ اوپن اور دس مرتبہ برٹش اوپن مقابلے جیتے تھے۔