پاک بحریہ نے 25ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ جیت لی

Last Updated On 27 March,2018 06:22 pm

چیمپئن شپ کی اختتامی اور تقسیم انعامات کی تقریب پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کارساز میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پاکستان نیوی کے غفران عادل رائفل ایونٹ میں سر فہرست رہے اور چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

شوٹنگ کے یہ سات روزہ مقابلے پاک بحریہ کی جانب سے 21 تا 27 مارچ پاکستان نیوی شوٹنگ رینج میں منعقد کیے گئے جن میں آرمی، نیوی، ایئر فورس، پنجاب، سندھ، واپڈا، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے حصہ لیا اور شوٹنگ کے کھیل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

مہمانِ خصوصی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوٹنگ ایک کھیل کے طور پر مسلح افواج کے علاوہ قومی سطح پر بھی نمایاں حیثیت حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ کے مقابلوں میں مسلح افواج کے کھلاڑیوں کے علاوہ ہمارے نوجوان ملک کا نام روشن کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ریئر ایڈمرل اطہر امختار نے کہا کہ ہمارے نوجوان ایک بترین شوٹر بننے کی اعلیٰ صلاحیت اور استعداد رکھتے ہیں اور اسی طرح کے مقابلے نوجوان شوٹرز کو نہ صرف اپنی اہمیت کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لیے متحرک کرتے ہیں۔