کیو: (دنیا نیوز) فٹبال کے بڑے مقابلے کے بڑے آفٹر شاکس، چیمپئنز لیگ فائنل میں ریال میڈرڈ کی جیت کسی کو ہضم نہیں ہو رہی۔ سپر سٹار محمد صلاح کو انجری کا شکار کرنے والے سرجیو پر ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ کر دیا گیا۔
فٹبال چیمپئنز لیگ کے فاتح کا فیصلہ تو ہو گیا لیکن ردعمل جاری، ریال میڈرڈ کی تین ایک سے فتح مخالفین سے برداشت نہیں ہو رہی۔ مصرکے مسلم فٹبالر محمد صلاح کا پہلے ہاف میں انجری کا شکار ہو جانا بڑی بلکہ بری خبر تھی۔ تاہم لیور پول کے دکھی پرستاروں نے ہار کا نزلہ اپنے سپر سٹار کی انجری پر ڈال دیا۔بات یہاں ختم نہ ہوئی بلکہ مصری وکیل نے مبینہ طور پر ٹکر مار کر گرانے والے سرجیو راموس کے خلاف ایک ارب یورو ہرجانے کا دعویٰ کر دیا۔
فٹبال میچ کے بعد شروع ہونے والی اس قانونی جنگ میں موقف اختیار کیا گیا کہ ریال میڈرڈ کے کھلاڑی کی اس غلطی کی وجہ سے سپر سٹار محمد صلاح کی رواں سال فٹبال ورلڈکپ میں شرکت اور مصر کی جانب سے نمائندگی بھی مشکل ہو گئی ہے۔
دوسری جانب لیور پول کے بدقسمت گول کیپر لورس کیریس نے صرف اپنی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار ہی نہیں کیا، بلکہ انتظامیہ سے سیکیورٹی بھی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فیصلہ کن معرکے میں ایک کے بعد ایک غلطی پر میچ تو ختم ہو گیا، لیکن سوشل میڈیا پر انہیں جان سے مار دینے کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔