سیاست کا پارہ ہائی لیکن فٹبال کا گڑھ لیاری ورلڈکپ کے سحر میں مبتلا

Last Updated On 03 July,2018 05:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کا دن جیسے جیسے قریب آتا جا رہا ہے، پاکستان میں سیاست کا پارہ ہائی ہوتا جا رہا ہے لیکن فٹبال کا گڑھ لیاری ورلڈکپ کے سحر میں مبتلا ہے اور سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم مکمل ناکام نظر آرہی ہے۔

کراچی کے علاقے لیاری کے باسیوں کو الیکشن کی نہیں، فیفا فٹبال ورلڈکپ کی فکر ہے۔ ہر طرف جھنڈے نظر آرہے ہیں لیکن سیاسی جماعتوں کے نہیں، کارنر میٹنگز ہوں یا کسی سیاسی جماعت کی ریلی، فٹبال میچز لیاری والوں کی اولین ترجیح ہیں۔ فٹبال ورلڈکپ کے سحر میں مبتلا لیاری والے کہتے ہیں کہ الیکشن فٹبال فائنل کے بعد دیکھیں گے۔

وال چاکنگ، پینٹنگ اور گھروں کی چھتوں پر جھنڈے، ہر کوئی اپنی ٹیم کی سپورٹ میں سب سے آگے نکلنا چاہتا ہے۔اہل لیاری کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت نے دیا کیا ہے جو الیکشن مہم میں ان کا ساتھ دیں۔