ماسکو: (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ فائنل میں فرانس کے ہاتھوں شکست کے باوجود کروشین صدر کولینڈا گریبر کیٹارووچ کی زندہ دلی انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔
فیفا ورلڈکپ 2018 کا میلہ تو ختم ہوگیا لیکن متعدد ایسے واقعات چھوڑ گیا جو شائقین کو برسوں یاد رہیں گے۔ ایسا ہی ایک یادگار واقعہ فائنل میچ کے اختتام پر دیکھنے کو ملا جب کروشین صدر نے میچ کے اختتام پر کروشیا اور فرانس کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے بغلگیر ہو کر پرجوش انداز سے انہیں سراہا۔
اس کے علاوہ کروشین صدر نے سرکاری امور سے بلامعاوضہ رخصتی لے کر ذاتی خرچ پر فضائی سفر کے بعد اوسط درجے کے ہوٹل میں قیام کے ساتھ اپنی ٹیم کے میچز دیکھے جس پر انہیں دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
فٹبال کے عالمی ایونٹ کے دوران اپنے پرجوش انداز کی وجہ سے کروشین صدر فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔