ہاکی ورلڈ کپ میں خراب پرفارمنس پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

Last Updated On 13 December,2018 03:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہاکی ورلڈ کپ میں خراب پرفارمنس پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی، کپتان، کوچ اور سینئر کھلاڑیوں سمیت سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کو بھی کٹہرے میں لانے کا اعلان کر دیا گیا۔

روایتی حریف بھارت کے دیس میں پاکستان ہاکی کی بری کارکردگی پر تحقیقات کمیٹی قائم کر دی گئی، ہاکی ورلڈکپ میں پہلے راؤنڈ سے ہی آؤٹ ہونے والی ٹیم کی پیشیاں ہوں گی، تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ سابق قومی کپتان رشید جونیئر ہونگے، ورلڈ چیمپئن منظور الحسن اور شاہد علی بھی شامل ہیں۔ کمیشن دس دن کے اندر اپنی انکوائری کرکے سفارشات فائنل کرے گا۔

صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیشن تمام کوچز، منیجر، کپتان و سینئر کھلاڑیوں کو ہی نہیں بلکہ سیکرٹری شہباز سینئر کو بھی طلب کرے گا، ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر سخت ایکشن لیں گے۔

واضح رہے کہ ہاکی ورلڈکپ میں قومی ٹیم چار میں سے کوئی ایک بھی میچ نہیں جیت سکی۔