کراچی: (دنیا نیوز) ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد پاکستانی سنوکر چیمپئن محمد آصف وطن واپس پہنچ گئے۔ محمد آصف نے اپنی جیت کو کشمیری بھائیوں کے نام کردیا، وطن پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ترکی میں کھیلی گئی آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں فتح کا سہرا سجانے والے پاکستانی سنوکر محمد آصف وطن واپس پہنچ گئے۔ وطن واپس آنے والے ورلڈ سنوکر چیمپئن کا کراچی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ محمد آصف نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے میں فلپائن کے کھلاڑی جیفری روڈا کو شکست دی تھی۔ محمد آصف نے جیفری روڈا کو 5-8 فریم سے شکست دی۔
اس موقع پرعالمی سنوکر چیمپئن محمد آصف کا کہنا تھا کہ ان کی جیت پورے پاکستان کی جیت ہے اور وہ یہ جیت کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔ عالمی سنوکر چیمپئن نے حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی نہ کرنے کا شکوہ بھی کیا، کہتے ہیں عوام ہمیشہ محبت اور سپورٹ کرتی ہے لیکن حکومتی سطح پر بھی حوصلہ افزائی ہونی چاہیئے۔ محمد آصف دوسری مرتبہ سنوکر کے عالمی چیمپئن بنے ہیں۔ قومی کیوئسٹ 2012 میں بھی عالمی چیمپئن بنے تھے۔