انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے ایک فٹبال کھلاڑی نے پانچ سالہ بیٹے کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، قاتل نے لوگوں کو بتایا تھا کہ بچہ کورونا وائرس میں مبتلا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ایک فٹبال کھلاڑی کیوہر ٹوکٹاس نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس نے اپنے بیٹے کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا ہے، اپنے بچے کو23اپریل کو ہی مار دیا تھا جو دن ترکی میں بچوں کیلئے منایا جاتا ہے۔
کیوہر نے کہا کہ بیٹے کا گلا گھونٹنے کے بعد اس نے مدد کیلئے قریبی لوگوں کو بلایا اور کہا کہ بچہ کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے جس پر بچے کو ہسپتال میں داخل کرادیا گیا جہاں اس کی دو گھنٹے کے اندر ہی موت واقع ہوگئی۔
ملزم کیوہر ٹوکٹاس نے اس واقعہ کے 11 دن بعد خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے 4 مئی کو اپنے بیٹے کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا۔
فٹ بالر نے کہا کہ اس نے بچہ کو اس لئے ماردیا کیونکہ وہ اس سے پیار نہیں کرتا تھا، وہ پولیس کے پاس گیا کیونکہ یہ گھناؤنی حرکت کرنے کے بعد اس کو گھٹن محسوس ہورہی تھی اور اس کا ضمیر اسے ملامت کررہا تھا۔
یاد رہے کہ کیوہرٹوکٹاس فی الحال ایمچیور لیگ کی ٹیم بورسا ییلدیریمسپور کی جانب سے کھیلتے ہیں، اس سے پہلے 09-2008ء کے درمیان وہ ہاسیٹیپپو کی جانب سے کھیلے تھے جو ترکی کی سب سے بڑی لیگ کا بڑا کلب ہے۔