لندن: (دنیا نیوز) فٹبال چیمپئنز لیگ میں بائرن میونخ نے چیلسی کو ہرا دیا جبکہ سپر سٹار میسی کی ٹیم بارسلونا نے نیپولی کو شکست دے کر کوارٹرز فائنل میں جگہ بنا لی، دونوں فاتح ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
تفصیل کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران انگلش میدانوں پر چیمپئنز لیگ پری کوارٹرز فائنل کے سیکنڈ لیگ مقابلے ہوئے۔ بارسلونا نے نیپولی کے خلاف برتری کی دھاک بٹھاتے ہوئے تین ایک یعنی مجموعی طور پر چار دو کی فتح سمیٹی۔ شاندار فتح میں لینگلٹ، سپر سٹار لیونل میسی اور سوآریز نے گول سکور کیے۔
دوسرے میچ میں بائرن میونخ اور چیلسی کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ جرمن ٹیم بائرن میونخ نے حریف ٹیم کو چار ایک کی شکست سے دوچار کر دیا۔ لیوانڈاسکی اپنے دو گولز سے ہیرو بنے۔ دونوں فاتح ٹیمیں بارسلونا اور بائرن میونخ کوارٹرز فائنل میں 14 اگست کو زور بازو دکھائیں گی۔