مانچسٹر: (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ جیتنے والی امریکی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی سیم میوس نے قرار دیا ہے کہ مانچسٹر سٹی میں شمولیت ان کیلئے ایسا ہی جیسے کسی کی لاٹری نکل آئے۔
سیم میوس 67 مرتبہ فٹبال کی ٹیم میں امریکا کی نمائندگی کر چکی ہے۔ انھیں یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ وہ 2019ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھیں۔ فائنل میں امریکی ٹیم نے دو صفر سے نیدرلینڈ کو بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔
27 سالہ امریکی کھلاڑی کا بی بی سی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں مانچسٹر سٹی میں شمولیت کو اپنے لئے اعزاز تصور کر رہی ہوں، یہ میری خوش نصیبی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل جب میرے ایجنٹ نے مجھ سے مانچسٹر سٹی میں شمولیت بارے بات کی تو میری آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئی تھیں کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ اس کلب کی طرف سے کھیلنا کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نارتھ کیرولینا کرج کلب نے گزشتہ سال انٹرنیشنل چیمپئنز کپ کے موقع پر مانچسٹر سٹی کیخلاف میچ کھیلا تھا اور مجھے آج بھی یاد ہے کہ ان کی کھلاڑی کتنی مہارت سے گیند کیساتھ اپنا کھیل پیش کر رہی تھیں۔