کولون: (اے پی پی) یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے والی سیویلا کی ٹیم کے ہیڈ کوچ جولین لوپٹیگوئی ارگوٹ نے کہا ہے کہ ٹیم کے پاس ریکارڈ چھٹی مرتبہ یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر پرفارم کرنا ہوگا۔ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے۔
جولین لوپٹیگوئی ارگوٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ٹیم کئی بار یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت چکی ہے۔ وہ فائنل کوالیفائی کرنے تک کھیلے گئے میچز میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم فائنل کے لئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ 53 سالہ جولین لوپٹیگوئی ارگوٹ نے کہا کہ انکی ٹیم کے پاس چھٹی مرتبہ یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے اور ٹائٹل کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو سر دھڑ کی بازی لگا نہ ہوگی۔
سیویلا فٹ بال کلب کی ٹیم اس سے قبل پانچ مرتبہ یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ سیویلا کی ٹیم نے یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 گول سے شکست دیکر ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
کلب کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا ہے کہ انکی ٹیم سے اس سے قبل میچز میں جو غلطیاں ہوئیں ہیں وہ فائنل میں نہیں دوہرائے گی۔ واضح رہے کہ سیویلا اور انٹر میلان کی ٹیموں کے درمیان یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 22 اگست کو جرمنی میں کے رائن اینرجی سٹیڈین سٹیڈیم، کولون میں کھیلا جائے گا۔