میڈرڈ: (دنیا نیوز) سپینش فٹبال کلب بارسلونا نے لیونل میسی کے بغیر پری سیزن پریکٹس شروع کر دی ہے۔ ادھر سینئر کھلاڑیوں لوئس سوآریز اور ویڈال نے خاموشی توڑتے ہوئے سپر سٹار کو مانچسٹر سٹی جانے سے روکنے کی کوشش شروع کر دی۔
تفصیل کے مطابق دنیا کے ہر دلعزیز کھیل فٹبال میں پلیئرز کی ٹرانسفر کی خبریں گرما گرم ہیں۔ ممکنہ طور پر مانچسٹر سٹی سے معاہدہ کرنے والے لیونل میسی کے بغیر بارسلونا پلیئرز نے ٹریننگ شروع کر دی ہے۔
خبریں ہیں کہ میسی کے ساتھی کھلاڑیوں لوئس سوآریز اور ویڈال نے خاموشی توڑتے ہوئے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر فٹبالر کو کلب نہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ لیونل میسی سمیت دیگر کھلاڑیوں کی کلبز میں ٹرانسفر عروج پر ہے۔ تھیاگو السانترہ اور جیک گریلش سمیت کئی پلیئرز بھی اڑان بھرنے کو تیار ہیں۔
بارسلونا سے مانچسٹر سٹی کی طرف جانے والے لیونل میسی کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ چیلسی نے کائی ہیوورٹز کو اپنا بنانے کا خواب دیکھ لیا ہے۔ بائرن میونخ کے مڈفیلڈر تھیاگو السانٹرا کی لیورپول میں جانے کی خبریں عام ہیں تو برن ماؤتھ کے ڈیوڈ بروُکس کا مانچسٹر یونائیٹڈ سے معاہدے کا بڑا چرچا ہے۔ جیک گریلش اور کیا ہیوورٹز سمیت وِلفرڈ زاہا کی ادل بدل بھی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔