نیویارک: (دنیا نیوز) یو ایس اوپن میں ناؤمی اوساکا کی پیش قدمی جاری، کوارٹرز فائنل میں میزبان ملک کی شیلبی روجرز کو شکست دیدی۔
ادھر امریکا کی جینیفر بریڈی نے قازقستانی حریف کو اپ سیٹ کیا۔ مین سنگلز میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف نے کروشین حریف کو شکست دی۔
تفصیل کے مطابق نیویارک سٹی میں یو ایس اوپن کے کوارٹرز فائنلز کے ویمن سنگلز میں جاپان کی ناؤمی اوساکا نے امریکی حریف شیلبی روجرز پر برتری کی دھاک بٹھائی اور چھ تین اور چھ چار کی فتح پائی۔
اٹھائیس نمبر کی جینیفر بریڈی نے 23 ویں درجے کی قازقستانی کھلاڑی یُولیا پیوٹنسوا کو شکست دے کر حیران کر دیا۔ امریکی کھلاڑی چھ تین اور چھ دو سے کامیاب رہی۔
مین سنگلز میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف نے کروشین حریف برونا کورِک کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد تین ایک سے شکست دی۔ زور کا جوڑ تین گھنٹے اور پچیس منٹ تک جاری رہا۔