بارسلونا: (ویب ڈیسک) فٹبال لیجنڈ لیونل میسی نے بارسلونا کی جانب سے لوئس سوریز کو کلب سے نکالنے کے اقدام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھی زیادہ اچھے برتاؤ کے مستحق تھے۔
لیونل میسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لوئس سوریز کو کلب سے نہیں نکالنا چاہیے تھا۔ یاد رہے کہ سوریز نے حال ہی میں ایٹلیکٹکو میڈرڈ کو جوائن کر لیا ہے کیونکہ بارسلونا کی جانب سے انھیں واضح کر دیا گیا تھا کہ کلب کو اب ان کی ضرورت نہیں ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر لیونل میسی نے لوئس سوریز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں کسی اور ٹیم کے لباس میں دیکھنا میرے لئے حیران کن ہوگا۔
میسی کا کہنا تھا کہ لوئس سوریز کا شمار بارسلونا کلب کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے انفرادی اور اجتماعی طور پر بہت کامیابیاں سمیٹیں۔
خیال رہے کہ یوراگوئے سے تعلق رکھنے والے فٹبالر لوئس سوریز بارسلونا کلب کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 283 میچوں میں حصہ لیا اور 198 گول کئے۔
33 سالہ کھلاڑی چار مرتبہ لا لیگا ٹائٹل، چار کوپا ڈیل ریز، چیمپئنز لیگ اور کلب ورلڈ کپ کے اعزازات اپنے نام کر چکے ہیں۔ انہوں اب کم تنخواہ پر ایٹلیکٹکو میڈرڈ کیساتھ دو سالہ معاہدہ کر لیا ہے۔