پال پوگبا کے دل میں ریال میڈرڈ ٹیم کا حصہ بننے کی خواہش مچلنے لگی

Published On 09 October,2020 08:58 pm

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) مایہ ناز فٹبالر پال پوگبا نے سپین کے فٹبال کلب ریال میڈرڈ کیلئے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔

پال پوگبا کافی عرصہ سے مانچسٹر یونائیٹڈ کیساتھ وابستہ ہے اور ان کا شمار دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے پوگبا اطالوی کلب یووینٹس سے وابستہ تھے، جب 2016ء میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے انھیں آٹھ کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ کی ریکارڈ قیمت میں حاصل کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2012ء میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے ہی پال پوگبا کو 15 لاکھ پاؤنڈ کے عوض یووینٹس کو فروخت کیا تھا لیکن کوچ جوزے مرینیو انھیں بھاری معاوضے پر واپس لے آئے تھے۔ پال پوگبا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اس وقت 5 سال کا معاہدہ کیا تھا۔

یہ فٹبال کی تاریخ کا سب سے مہنگا ٹرانسفر معاہدہ ہے۔ اس سے قبل 2013ء میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے لندن کے کلب ٹوٹنہم کو گیرتھ بیل کے لیے آٹھ کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ ادا کیے تھے۔

حال ہی میں میڈیا سے گفتگو میں پال پوگبا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے دل میں ریال میڈرڈ کی جانب سے کھیلنے کی خواہش مچل رہی ہے تاہم ان کی موجودہ ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کی خاطر وہ سب کچھ کرنے کیلئے تیار ہیں جس کی وہ حقدار ہے۔

خیال رہے کہ پال پوگبا کا مانچسٹر یونائیٹڈ کیساتھ معاہدہ آئندہ گرمیوں میں ختم ہو جائے گا تاہم کلب کے پاس اختیار ہے کہ وہ اس کو 2022ء تک بڑھا سکتی ہے۔ پوگبا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مانچسٹر یوئانیٹڈ کیساتھ معاہدے کی توثیق بارے کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں میری کسی عہدیدار اور حتیٰ کہ یونائیٹڈ کے ایگزیکٹو وائس چیئرمین ویڈ ووڈورڈ کیساتھ بھی کوئی بات نہیں ہوئی۔ ابھی تک میں مانچسٹر یونائیٹڈ کیساتھ ہی وابستہ ہوں اور میری تمام تر توجہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں ہے۔