انگلش فٹبال ٹیم میں ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت ہے، بیلجئم فٹبالر کیون ڈی بروئین

Published On 11 October,2020 06:37 pm

مانچسٹر: (ویب ڈیسک) بیلجئم کے فٹبالر کیون ڈی بروئین نے انگلش ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں صلاحیت ہے کہ وہ بڑے ٹائٹلز اپنے نام کرسکیں۔

مانچسٹر سٹی سے وابستہ مڈفیلڈر کیون ڈی بروئین اپنی قومی ٹیم بیلجئم کا حصہ ہونگے جو ویمبلے میں انگلینڈ کیخلاف میدان میں اترے گی۔ خیال رہے کہ بیلجئم اور انگلینڈ کی ٹیمیں دو سال قبل روس میں کھیلے گئے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچی تھیں۔

29 سالہ کیون ڈی بروئین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بیشتر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ جن میں کھیل کے حوالے سے بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ 1996ء سے اب تک انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کوئی بڑا اعزاز اپنے نام نہیں کر پائی ہے۔ اس کے بارے میں بیلجئم کے مایہ ناز کھلاڑی نے اپنے تجربے کی بنیاد پر کہا ہے کہ انگلش کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی بڑے معرکے کو سر کرنے پر توجہ کی ضرورت ہے۔