فٹبال چیمپئنز لیگ میں سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا جادو چل گیا، روایتی حریف لیونل میسی کی ٹیم بارسلونا کے خلاف 2 گول اسکور کر دیئے، یووینٹس تین صفر سے فاتح، گروپ جی میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔
انگلش میدانوں پر یوئیفا چیمپئنز لیگ کا تگڑا مقابلہ، چیمپئن کھلاڑی لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ گروپ جی میں بارسلونا اور یووینٹس مدمقابل آئیں۔ ٹیم بارسا دباؤ کا شکار رہی، تیرہویں منٹ میں غلطی کے سبب یوونٹس کو ملنے والی پنلٹی کو کرسٹیانو رونالڈو نے کامیاب بنایا۔ایک صفر کی برتری بیسویں منٹ ڈبل ہو گئی۔
دوسرے ہاف میں مقابلہ زیادہ اعصاب شکن ہو گیا، اسٹارز سے بھری بارسلونا کے کھلاڑیوں کے ناقص کھیل کے سبب لیونل میسی کے پرستار مایوسی کا شکار نظر آئے۔ 52 ویں منٹ یوونٹس کو ایک اور پنلٹی ملی، کرسٹیانو رونالڈو کی کامیابی سے اسکور تین صفر ہو گیا۔
میچ میں دو گولز سے رونالڈو کا لیگ میں انفرادی اسکور ایک سو بتیس ہو گیا اور اطالوی کلب یوونٹس بڑے میچ میں تین صفر سے فاتح ہو گیا۔ گروپ جی میں پندرہ ہی پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔