روم: (ویب ڈیسک) 1982ء کے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم اٹلی کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے لیجنڈ فٹبالر پاؤلو روسی کا 64 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ میں ان کی شاندار کارکردگی کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ پاؤلو روسی کے خاندان نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے۔
پاؤلو روسی کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے ان کیساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انہوں نے موت کی وجوہات بارے آگاہ نہیں کیا۔
آنجہانی فٹبالر کی کارکردگی پر بات کی جائے تو انہوں نے اٹلی کی قومی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے 20 گول کئے جبکہ دیگر کلبوں کیساتھ کھیلتے ہوئے انہوں نے 100 سے زیادہ گول سکور کئے۔
1982ء کے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے انھیں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ انہوں نے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد بطور مبصر کے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔
اٹالین فٹبال لیگ نے اپنے لیجنڈ کھلاڑی پاؤلو روسی کے انتقال پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اہلیہ اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔