وزیراعلیٰ بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز لائن اپ مکمل

Published On 27 March,2021 11:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز لائن اپ مکمل ہو گئی، واپڈا،آرمی،نیشنل بینک،پورٹ قاسم،پنجاب کلروائٹس،بلوچستان کلرزاوراسلام آباد کوالیفائی کرگئیں جبکہ سندھ کلرز،سندھ وائٹس، آزاد جموں کشمیر اور بلوچستان وائٹس کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔

یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ ویژن کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان کے تعاون سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام اور بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی چیف منسٹربلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے پانچویں روز پول راونڈ کے آخری دو میچز کھیلے گئے. جس کے ساتھ ہی کواٹرفائینلز لائن اپ تکمیل پاگیا۔ کواٹر فائینل کے لئے کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی،نیشنل بینک آف پاکستان ، پورٹ قاسم اتھارٹی ،پنجاب کلرز، پنجاب وائٹس،بلوچستان کلرز اور اسلام آبادکی ٹیمیں شامل ہیں/ کواٹر فائینلز راونڈ ایک روز کے وقفہ کے بعد 29 مارچ سے شروع ہوگا۔

کوالیفائینگ راونڈ کے سلسلہ میں آج آخری دو میچز کھیلےگئے۔ پہلا میچ پنجاب کلرز اور آزاد جموں کشمیر کے مابین کھیلا گیا جوکہ پنجاب کی تجربہ کار اور باصلاحٰت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے باآسانی ایک کے مقابلہ میں چھ گول سے جیت لیا۔ پنجاب کی جانب سے اشعر طارق نے دو گول جبکہ رضوان علی، ، عماد، زین اعجاز اور خلیل احمد نے ایک، ایک گول سکور کیا۔ آزاد جموں کشمیر کی جانب سے واحد گول وقار ظہور نے سکور کیا۔ اس میچ کو ایمپائرز ساجد اور عظیم نے سپروائز کیا جبکہ فہد ریزرو ایمپائر تھے۔ ججز کی ذمہ داریاں ملک شفقت حسین، عبدالقیوم، یعقوب ، شکیل اور عرفان ضیاء نے سرانجام دی۔ اس میچ کے ٹیکنیکل آفیسر کے فرائض حمزہ طفیل نے سرانجام دیئے

کوالیفائینگ راؤنڈ کا آخری میچ پورٹ قاسم اتھارٹی اور سندھ وائٹس کے مابین کھیلا گیا جوکہ ایک آسان مگر دلچسپ مقابلہ کے بعد پورٹ قاسم چار گول سے جیت لیا۔ سندھ وائٹس کی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا اور گول کرنے کے کئی شاندار مواقع ضائع کئے۔ سندھ وائٹس کے کوچ محمد نعیم پورا میچ بینچ سے غیر حاضر رہے اور کوچ کی عدم موجودگی میں کھیلتی ہوئی سندھ وائٹس ٹیم اپنی کارکردگی برقرار نہ رکھ سکی اور پورٹ قاسم اتھارٹی سے صفر کے مقابلہ میں چار گول سے باآسانی ہارگئی۔ پورٹ قاسم کی جانب سے مہتاب نے تین گول اور عبدالرزاق نے ایک گول سکور کیا۔ اس میچ ایمپائرز مبشر علی اور سبطین رضا نے سپروائز کیا۔ ججز کے فرائض طاہر اور محمد علی نے نبھائے جبکہ ٹیکنیکل آفیسر کی ذمہ داریاں علی عباس نے سرانجام دیں۔

ایونٹ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض اولمپیئن انجم سعید سرانجام دے رہے ہیں جبکہ امپائرز مینجر کی ذمہ داریاں انٹرنیشنل ہاکی امپائر کامران شریف چوہدری سرانجام دے رہے ہیں۔ ایونٹ کے اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز کے فرائض ڈاکٹر ایس اے ماجد اور اسلم خان نیازی نبھارہے ہیں ۔ آرگنائزنگ سیکرٹری امجد ستی سیکرٹری بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں۔ ایونٹ کا کواٹر فائنلز راؤنڈ ایک روز کے وقفہ کے بعد 29 مارچ سے کھیلا جائیگا۔
 

Advertisement