ظفروال: (دنیا نیوز) ظفروال میں تھپڑ کبڈی کے منفرد مقابلوں میں جیتنے والی ٹیم کو 5لاکھ روپے انعام اور رنر اپ کو 3 لاکھ روپے دیئے گئے۔
ظفروال کے سرحدی گاوں ولی پور میں پیر سلیمان شاہ کے عرس کے موقع پر منعقدہ کبڈی میچ میں قومی کبڈی ٹیم کے سٹار ملک بنیامین نے اچھل اچھل کر تھپڑ برسائے، کپتان عرفان مانا کی ٹیم نے زبردست مقابلے کے بعد مشرف جنجوعہ کی ٹیم کو ہرا کر میچ جیت لیا۔
شفیق عرف بجلی پہلوان نے کبڈی کی جیت کی خوشی میں مخصوص انداز میں بھنگڑے ڈالے۔ سٹیج پر موجود مہمانوں کی جانب سے سب سے زیادہ تھپڑ برسانے اور مد مقابل کو چت کرنے پر فی جفہ 15ہزار، 30ہزار اور 50 ہزار روپے حوصلہ افزائی کے لئے انعام دیا گیا۔
رہنما تحریک انصاف چیئرمین اکبر خان شیروانی، ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین، گلوکار ابرار الحق نے فاتح ٹیم کو 5 لاکھ روپے نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 لاکھ روپے اور ساتھ کھلاڑیوں کو سردائی کے لئے 50 کلو کی باداموں والی بوری انعام دیا گیا۔
ولی پور کے تاریخی میلے میں کبڈی سے ہزاروں شائقین اور زائرین خوب لطف اندوز ہوئے، ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالی گئی، میلے میں بچوں کے لیے جھولے جبکہ زائرین کے لئے رنگا رنگ بازار بھی سجائے گئے تھے۔