ٹوکیو اولمپکس: افتتاحی تقریب میں شاندار آتشبازی ، پاکستانی دستہ بھی شریک

Published On 23 July,2021 06:54 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے التوا کا شکار کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے ٹوکیو اولمپکس کی تقریب کا خالی سٹیڈٰیم میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس موقع پر شاندار آتش بازی اور مختلف فنکاروں نے کرتب کا مظاہرہ کیا۔

منتظمین نے وائرس کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ پہلی بار غیر ملکی تماشائیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ملکی تماشائیوں کو چند مقامات کے علاوہ تمام ایونٹس سے باہر کر دیا گیا ہے۔

ایتھلیٹس، معاون عملہ اور میڈیا سخت کورونا پروٹوکولز کے پابند ہیں، جس میں باقاعدگی سے ٹیسٹ اور روزانہ کا طبی معائنہ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ رپورٹس ہیں کہ ٹوکیو کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کا سامنا کر رہا ہے۔ حکام نے ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے ریسٹورینٹس اور دیگر جگہوں کو رات 8 بجے تک بند کرنے کا حم دیا ہے۔

اولمپکس کی تقریب کا آغاز ہوتے ہی کچھ مظاہرین نے سٹیڈیم کے باہر کھیلوں کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔ جاپانی شہریوں کی اکثریت ان کھیلوں کے انعقاد کے خلاف ہے لیکن اس تقریب سے چند گھنٹے قبل اولمپک سٹیڈیم کے باہر کافی جوش و خروش تھا، کیونکہ سینکڑوں افراد اس ماحول سے لطف اندوز ہونے اور آتش بازی دیکھنے کی امید میں جمع ہو گئے۔

کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے کی افتتاحی تقریب میں کورونا وبا کے دوران گھروں میں ٹریننگ کر رہے کھلاڑیوں کی ویڈیو دکھائی گئی۔

اولمپکس کی اس تقریب میں جاپانی شہنشاہ ناروہیتو، امریکی خاتون اول جِل بائیڈن، فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں سمیت محض چند سو لوگوں نے شرکت کی۔
 

Advertisement