ٹوکیو اولمپکس کا میلہ کل سجے گا، دنیا بھر سے ایتھلیٹس شریک

Published On 22 July,2021 03:34 pm

ٹوکیو: (دنیا نویز) جاپان میں کل سے ٹوکیو اولمپکس کا میلہ سجے گا، رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پرفارمنسز سے رنگ جمے گا، پاکستان سمیت دنیا بھر کے ایتھلیٹس جوہر دکھائیں گے۔

ٹوکیواولمپکس میں کھیلوں کا عالمی میلہ کل سے جاپان میں سجے گا، افتتاحی تقریب، شاندار پرفارمنسز، ایونٹ کو چار چاند لگیں گے۔ 8 اگست تک جاری گیمز میں 20 رکنی قومی دستہ بھی شامل ہے۔ جوشیلے انداز، میڈلز کی دوڑ، ریکارڈز بنانے کا جذبہ عروج پر ہو گا۔

کھیلوں کا سپر میگا ایونٹ ’’ٹوکیو اولمپکس‘‘ کا آغاز، جاپان کے شہر ٹوکیو میں جمعہ کو افتتاحی تقریب ہو گی۔ رنگا رنگ پروگرام پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے شروع ہو گا، شاندار پرفارمنس میں ٹیموں کی جاندار انٹری ہو گی۔

کورونا کے باعث ایک سال تاخیر کا شکار ٹوکیو اولمپکس دوسو چار اولمپکس ممبر ملکوں سے 33 گیمز کی 339 کیٹگریز میں گیارہ ہزار دو سو اڑتیس ایتھلیٹس اِن ایکشن ہوں گے۔ ایتھلیٹکس، جمناسٹک، فاٹئنگ ، سوئمنگ اور زور آزمائی کے بھرپور مقابلوں میں میڈلز کی دوڑ لگے گی، ریکارڈز پہ ریکارڈز بنیں گے۔

آٹھ اگست تک جاری رہنے والے عالمی کھیلوں کے اس میلے میں تین ضرب تین باسکٹ بال، فری اسٹائل سائیکلنگ سمیت پانچ نئی گیمز شامل ہیں۔ پاکستانی بیس رکنی اسکواڈ بیڈمنٹن، کراٹے اور تیراکی سمیت دیگر میں پرفارمنس دے گا۔
 

Advertisement