ٹوکیو اولمپک گیمز: دن بدلا پاکستان کی قسمت نہ بدل سکی

Published On 31 July,2021 03:33 pm

ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) ٹوکیو اولمپک گیمز میں دن بدلا، تاریخ بدلی مگر پاکستان کی قسمت نہ بدل سکی۔ گزشتہ روز ویمنز 50 میٹرز فری سٹائل ہیٹ میں پاکستانی تیراک بسمہ خان 27.78 سیکنڈز کے باعث 81 شرکا میں سے 56 ویں پوزیشن پر رہیں۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ میں بدترین کارکردگی کے باعث بسمہ خان سمیت پاکستان کے نصف درجن کھلاڑی باہر ہوچکے ہیں جبکہ یکم اگست کو خلیل اختر اور غلام بشیر شوٹنگ کے مینز 25 میٹرز ریپڈ فائر ایونٹ کی پہلی سٹیج میں حصہ لیں گے۔

گزشتہ روز سوئمنگ کے ویمنز سو میٹرز بیک سٹروک فائنل میں جنوبی افریقی تیراک ٹیٹیانا شو میکر نے دو منٹ اٹھارہ اعشاریہ نو پانچ سیکنڈز میں مقررہ فاصلہ طے کر کے ڈنمارک کی ریکی مولور پیڈرسن کا ورلڈ ریکارڈ چکنا چور کرتے ہوئے اپنے ملک کو پہلا گولڈ میڈل بھی دلادیا۔

ویمنش سو میٹرز فری سٹائل فائنل میں آسٹریلین تیراک ایما میک کیون نے طلائی تمغہ جیتا۔ مینز دو سو میٹرز بیک سٹروک میں روسی اولمپک کمیٹی کے سوئمر ایوگینی ریلوف فتح یاب رہے۔ مینز دو سو میٹرز انفرادی میڈلے فائنل میں چین کے شون وانگ نے بازی مار لی۔

ٹیبل ٹینس کے مینز سنگلز فائنل میں چین کے لانگ ما نے ہم وطن حریف ڈونگ زین فینگ کو چار دوسے قابو کر لیا۔ جرمنی کے ڈیمٹرج اوٹچروف نے تائیوان کے جو یون لین کو چار، تین سے ہرا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ ٹرمبولین جماسٹکس کے ویمنز فائنل میں چین کی زوئی یانگ زہو نے 56اعشاریہ چھ تین پانچ پوائنٹس کی بدولت طلائی تمغہ اپنے گلے میں سجایا۔

بیتھنی شری ایور اور کائی وائٹ نے پی ایم ایکس ریسنگ میں برطانیہ کیلئے پہلی مرتبہ دو تمغے حاصل کر لئے۔ ویمنز ایونٹ میں بیتھنی شری ایور نے کو لمبیا کی ڈبل اولمپک چیمپئن مریانہ پاجون کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کی، ڈچ سائیکلسٹ میریل سمولڈرز نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ مینز ایونٹ میں ہالینڈ کے نائیک کم مین کامیاب رہے ، کائی وائٹ نے چاندی اور کولمبیا کے البرٹو کارلوس نے کانسی کا میڈل وصول کیا۔

جاپان نے روسی اولمپک کمیٹی کو مینز ایبی فائنل میں 45-36 پوائنٹس سے قابو کر کے پہلی مرتبہ فینسنگ میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ ایتھوپیا کے ایتھلیٹ سلیمون باریگا مینز دس ہزار میٹرز دوڑکے فائنل میں پہلی مرتبہ کامیاب رہے۔ جنوبی کوریا کی تیرانداز آن سان نے ویمنز انفرادی فائنل ایونٹ میں روسی اولمپک کمیٹی کی الینا اوسپووا کو چھ، پانچ سکور سے شکست دے کر ٹوکیو اولمپک گیمز میں تین گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کرلیا۔

شوٹنگ کے ویمنز 25 میٹرز پسٹل فائنل ایونٹ میں ویٹالینا بیٹ ساراسکینا کامیابی کی بدولت ایک اولمپک گیمز میں تین تمغے جیتنے والی پہلی نشانے باز بن گئی ہیں۔ جوڈو میں 21 سالہ سونی اکیرا نے کیوبا کی اڈالیز ارٹیز کو ایپون کی بنیاد پر چت کر کے نہ صرف گولڈ میڈل جیتنے والی نویں جاپانی جوڈو کاز کا اعزاز حاصل کیا بلکہ ویمنز 78 پلس کیٹیگری میں کامیاب ہونے والی کم عمر ترین ایتھلیٹ بھی بن گئی ہیں۔

مینز سو کلو گرام پلس فائنل میں جارجیا کے گورم توشی شیولی نے جمہوریہ چیک کے لوکاس کریپلاک کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے جو کہ گزشتہ دو میگا ایونٹ کی دو مختلف درجہ بندی میں طلائی تمغے حاصل کرنے والے پہلے ایتھلیٹ بنے ہیں۔ انہوں نے ریو واولمپک کے دوران منفی سو کلو گرام کیٹیگری میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔روئنگ کے ویمنز سنگلز سکالز اے فائنل میں نیوزی لینڈ کی ایما ٹیوگ نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

مینز سنگلزسکالز اے فائنل میں یونان کے سٹیفانوس این ٹوسکوس نے طلائی تمغہ وصول کیا ۔ و یمنز اے ایٹ ٹیم فائنل میں کینیڈا کامیاب رہا، نیوزی لینڈ نے چاندی اور چین نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ مینز ایٹ اے فائنل میں نیوزی لینڈ پر قسمت مہربان رہی، جرمنی نے دوسری اور برطانیہ نے تیسری پوزیشن لی۔
 

Advertisement