پی ٹی آئی جلسے کو ایک ماہ گزر گیا، ہاکی سٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹرف نہ بچھائی جا سکی

Published On 14 September,2022 09:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پی ٹی آئی کے جلسے کو ایک ماہ ہوگیا مگر نئی آسٹرو ٹرف بچھانے کا کام تاحال شروع نہ ہوسکا، ہاکی کھلاڑیوں کو ٹریننگ میں مسائل کا سامنا ہے۔

13 اگست کو تحریک انصاف کے جلسے کیلئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف کو اکھاڑا گیا، مگر ایک ماہ کے بعد گراؤنڈ کا حال جوں کا توں ہے۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ دیگر کئی کلبز کے کھلاڑیوں کی بھی چیف آف آرمی ہاکی ٹورنامنٹ کی فاتح رانا ظہیر اکیڈمی کے پلیئرز بھی پریکٹس نہ ہونے پر پریشان ہیں۔

سٹیڈیم میں کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث انتظامیہ کی سٹیڈیم پر توجہ بھی نہیں رہی جس کی وجہ سے گندگی کے جابجا ڈھیر لگے ہیں اور سٹیڈیم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اس وقت پریکٹس کے لئے ایک ہی گراؤنڈ ہے۔ حکومت کی جانب سے فوری ٹرف بچھانے کا دعویٰ کیا گیا تھا جو ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔

دوسری طرف صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود کا کہنا ہے کہ اپنا وعدہ بھولے نہیں ہیں، جنوری تک سٹیڈٰم میں نئی آسٹرو ٹرف لگا دی جائے گی۔
 

Advertisement