پاکستان سے شکست کے بعد کھلاڑیوں نے نیند کی گولیاں کھائیں، کپتان افغان کرکٹ ٹیم

Published On 09 September,2022 06:00 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کھانے والی افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی اور اسسٹنٹ کوچ رئیس احمد زئی نے کہا ہے کہ شکست کے بعد اس رات کوئی بھی کھلاڑی سو نہیں پایا، کھلاڑیوں نے نیند کی گولیاں بھی کھائیں، وہ ہمارے لیے ایک برا دن تھا۔

بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد اسسٹنٹ افغان کوچ اور سابق افغان کھلاڑی رئیس احمد زئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں ناصرف کھلاڑی بلکہ پوری قوم ٹینشن میں تھی، اس میچ میں شکست کے بعد سب افسردہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکست کے بعد اس رات کوئی بھی کھلاڑی سو نہیں پایا، وہ ہمارے لیے ایک برا دن تھا، ہم مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گی، ہمارے کھلاڑیوں نے بنگلا دیش اور پاکستان کے خلاف اچھا کھیل پیش کیا، ہم نے مضبوط ٹیم پاکستان کے خلاف 130 رنز پر بھی اچھا دفاع کیا، یہ چیز ہمیں ورلڈ کپ کے لیے مزید اعتماد دے گی۔

افغان کپتان محمد نبی نے پاکستان سے شکست پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہارنے کے بعد ہمارے کئی کھلاڑی گراؤنڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہوٹل پہنچ کر گرین ٹی لی اور بعد ازاں نیند کی گولیاں بھی کھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیلا، ہم عالمی سطح پر بڑی ٹیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، امید ہے وہ ایک اور اچھی پرفارمنس ہو گی۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر لگاتار دو چھکوں کی بدولت افغانستان کرکٹ ٹیم اور بھارت کو ایشیا کپ سے باہر کردیا تھا۔
 

Advertisement