ایشیا کپ: کوہلی کی پہلی ٹی 20 سنچری، بھارت کی افغانستان کو 101 رنز سے شکست

Published On 08 September,2022 08:48 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے میں ویرات کوہلی کی مختصر فارمیٹ کی پہلی سنچری کی بدولت بھارت نے افغانستان 101 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

افغانستان اننگز

213 رنز ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے بلے باز بھوونیشور کمار کی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، ابراہم زدران کے علاوہ کوئی بھی افغان بیٹر جم کر وکٹ پر نہ ٹک سکا، زدران نے 64 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار نے سب سے زیادہ 5 وکٹ حاصل کیں جبکہ ارشدیپ سنگھ، ایشون اور دیپک ہوڈا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔

بھارت اننگز

انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں صرف 2 وکٹ کے نقصان پر 212 رنز بنائے، کپتان کے ایل راہول 62 اور سوریا کمار یادیو صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے افغان باؤلرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 6 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 61 گیندوں پر 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنے ٹی 20 کیریئر کی پہلی اور مجموعی طور پر 71ویں سنچری سکور کی جبکہ رشبھ پنت 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

بھارت پلیئنگ الیون

انڈین ٹیم میں کپتان کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشب پنت، دیپک ہوڈا، دنیش کارتک، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، دیپک چہار، بھوونیشور کمار اور ارشدیپ سنگھ شامل تھے۔

افغانستان پلیئنگ الیون

افغانستان کی ٹیم میں کپتان محمد نبی، نائب کپتان نجیب اللہ زدران، عظمت اللہ عمر زئی، حضرت اللہ زازئی، ابراہیم زدران، کریم جنت، مجیب الرحمان، فرید احمد، رحمان اللہ گربز، راشد خان، فضل حق فاروقی شامل تھے۔ 

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ سے باہر ہوچکی ہیں جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ایونٹ کا فائنل 11 سمتبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

Advertisement