اب عالمی کرکٹ 'دو شاہوں' سے ڈرے گی، شان ٹیٹ نے خبردار کردیا

Published On 08 September,2022 05:15 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے میچ میں افغانستان کو نسیم شاہ کے مسلسل دو چھکوں کی بدولت آخری لمحات میں شکست دینے والی قومی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے باؤلنگ کوچ شان ٹیٹ کے جذباتی ٹوئٹ نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے لکھا کہ میں اپنی زندگی میں اتنا جذباتی کبھی نہیں ہوا جتنا کل کے میچ کے بعد تھا، وہ مناظر بالکل پاگل پن کی عکاسی کرتے تھے۔

اپنے ٹوئٹ میں باؤلنگ کوچ نے مزید لکھا کہ یہ میچ جذبات سے بھرپور تھا، ایک وقت میں ہم سب سوچتے تھے کہ ہم جیت نہیں سکتے لیکن یہ 2 چھکے مدتوں یاد رہیں گے۔

میچ کے بعد افغان شائقین کی جانب سے ہلڑ بازی پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے لکھا کہ میچ کے بعد افغان تماشائیوں کے کچھ کلپس آ رہے ہیں، یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، افغان کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے، کرکٹ ایک جنٹلمین گیم ہے، حقیقی کرکٹ کے شائقین ایسا نہیں کر سکتے کہ یہ دیکھ کر بالکل برا لگے، ایسا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

میچ کے ہیرو نسیم شاہ کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ نے لکھا کہ ایک سپر سٹار تیار ہورہا ہے، اس سے قبل عالمی کرکٹ پاکستان کے دو ڈبلیو، (وسیم اکرم اور وقار یونس) سے خوفزدہ تھی اور  اب عالمی کرکٹ دو شاہوں (نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی) سے ڈرے گی۔

 

 

Advertisement