شکست کے بعد افغان شائقین کا ہنگامہ، توڑ پھوڑ، کرسیاں پاکستانی مداحوں کو دے ماریں

Published On 08 September,2022 09:23 am

شارجہ: (دنیا نیوز) ایشیا کپ میں پاکستان اور افغانستان کے میچ نے کسی کو ہنسایا تو کسی کو رلادیا، شکست کے بعد افغان شائقین نے شارجہ سٹیڈیم میں ہنگامہ کھڑا کردیا، سٹیڈیم کے اندر توڑ پھوڑ اور تشدد کے واقعات بھی ہوئے۔

افغان شائقین نے میچ ہارنے کا غصہ کرسیوں پر نکالا، توڑ پھوڑ سے دل نہ بھرا تو کرسیاں پاکستانی مداحوں کو دے ماریں۔

شارجہ کے حکام نے ہنگامہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سٹیڈیم اور شائقین کو نقصان پہنچانے والوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔

اس سے پہلے میچ کے دوران آصف علی اور افغان بولر فرید احمد کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، آصف علی کے آوٹ ہونے پر افغان کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر نازیبا جملے کسے جس سے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے، دونوں کھلاڑیوں کو میچ ریفری نے طلب کرلیا ہے اور ان پر جرمانے عائد ہونے کا امکان ہے۔

میچ کےآخری لمحات میں غصہ دکھانے والے افغان کھلاڑی شکست کے بعد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے، کھلاڑی ایک دوسرے کو حوصلہ دیتے نظر آئے۔
 

Advertisement