لاہور:(ویب ڈیسک) افغانستان کے خلاف ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پے در پے دو چھکے لگا کر پاکستان کو فائنل میں پہنچانے والے نسیم شاہ نے اپنا بلا نیلام کرنے اور اس سے ملنے والی رقم کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کی گئی جس میں محمد حسنین اور نسیم شاہ کو بلا تھامے دیکھا جاسکتا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 8, 2022
ویڈیو میں فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے اپنا بلا نسیم شاہ کو بطور تحفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بیٹ نسیم شاہ کو دیتا ہوں آگے اس پہ ہے کہ یہ اس کا جو مرضی کرے۔
نسیم شاہ نے محمد حسنین سے بلا لیتے ہوئے کہا کہ میں اس بیٹ کو نیلامی کے لئے پیش کرنا چاہتا ہوں اور اس نیلامی سے ملنے والی رقم فنڈ اور خیرات کے کاموں کے لئے وقف کروں گا۔
خیال رہے کہ افغانستان کے خلاف ہاری ہوئی بازی جتوانے والے نسیم شاہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے محمد حسنین کا بلا لیا تھا جس سے انہوں نے لگاتار دو چھکے مارے۔