فیفا ورلڈکپ کا فائنل آخری میچ ہوگا : میسی نے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی

Published On 14 December,2022 01:56 pm

دوحہ : ( دنیا نیوز ) ارجنٹائن کے اسٹارفٹبالرلیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈکپ کا فائنل ان کے ملک ارجنٹائن کے لیے آخری میچ ہوگا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سیمی فائنل میں کروشیا کو شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی نے کہا کہ ورلڈ کپ فائنل میں اپنا آخری میچ کھیل کر اس سفر کو ختم کرنے پر خوش ہوں۔

ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والےفٹبالر لیونل میسی نے کہا کہ اس طرح کا اختتام بہترین ہے ، 35 سالہ لیونل میسی نے کہا کہ اگلے ورلڈ کپ میں بہت وقت ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ میں وہ کھیل سکوں گا۔

دوسری جانب کروشیا کے خلاف سیمی فائنل میں جیت کے بعد لیونل میسی نے ساتھی کھلاڑیوں پر زور دیا کہ اس موقع سے لطف اٹھائیں ، ارجنٹینا ایک مرتبہ پھر فائنل میں پہنچ گیا ، ہم مشکل حالات سے گزرے ہیں۔

اس سے قبل ارجنٹینا کے کوچ نے امید ظاہر کی تھی لیونل میسی ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل میچز کھیلتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2022میں سب سے زیادہ پچیس میچ کھیلنے کا ریکارڈ برابر کردیا ، فائنل کھیل کر میسی سب سے زیادہ چھبیس میچ کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیں گے۔

انہوں نے ارجنٹائن کے لیے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔