ممبئی ( ویب ڈیسک) کرکٹ کی دنیا کے بادشاہ ویرات کوہلی نے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو فیفا ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے پر کرسٹیانو رونالڈو کی روتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی جسے دیکھ کر رونالڈو کے فین کلب میں افسردگی کی لہر دوڑ گئی، رونالڈو کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے رونالڈو کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے لئے خصوصی پیغام جاری کیا۔
ویرات کوہلی نے رونالڈو کے نام جاری پیغام میں کہا کوئی ٹرافی یا ٹائٹل آپ سے وہ کچھ نہیں چھین سکتا جو آپ نے اس کھیل اور دنیا بھر میں موجود مداحوں کے لیے کیا ہے، کوئی ٹائٹل اس بات کی وضاحت نہیں کر سکتا کہ آپ نے لوگوں پر کیا اثر ڈالا ہے ، جو ہم سب لوگ آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر محسوس کرتے ہیں، یہ خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔
ویرات کوہلی نے مزید لکھا کہ یہ ایک ایسے شخص کے لیے نعمت ہے جو ہر بار اپنے دل سے کھیلتا ہے ،یہ محنت اور لگن کی اعلیٰ مثال ہے جو ہر کھلاڑی کے لیے مثالی نمونہ ہے، بھارتی سابق کپتان نے رونالڈو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ ہمیشہ میرے لیے سب سے عظیم کھلاڑی ہیں۔